بھرتی سے قبل کم سے کم 2 اخبارات میں اشتہار دینا ہوگا‘ عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے مستقبل نوکری کی استدعا نہیں کر سکیں گے
سیاحت اورورثہ اتھارٹی سیاحت اور ماحول دوست سیاحتی مقامات بنائے گی‘ سیاحتی مقامات کی میپنگ کرے گی اور ریکارڈ اکٹھا کرے گی
عمر قید کی سزا والے منشیات مقدمات میں ملزموں کو ضمانت نہیں دی جا سکے گی‘500کے وی اے سے زائد استعمال کرنے پر بجلی ڈیوٹی عائد
لاہور (آئی این پی‘آن لائن) حکومت پنجاب کی جانب سے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین کی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی نے بِل لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 منظور کر لیا ہے، بل کے تحت کمیٹی بنائی جائے گی۔بل کے متن کے مطابق وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کمیٹی کے چیئر پرسن ہوں گے۔ سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ 3 فیلڈ کے ماہرین اور ہیومن ریسورس بھی لوکم پالیسی کمیٹی میں ہوں گے۔بل کے متن کے مطابق کمیٹی عارضی بھرتی کے ٹی او آرز بھی طے کرے گی، بھرتی سے قبل کم سے کم 2 اخبارات میں اشتہار لازم ہوگا، عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے مستقبل نوکری کی استدعا نہیں کر سکیں گے۔پنجاب سیاحت اور ورثہ اتھارٹی ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا جس کے تحت سیاحت اور ورثہ اتھارٹی تشکیل دی جائے گی۔بل کے متن کے مطابق اتھارٹی کا چیئرپرسن وزیراعلیٰ اور وائس چیئرپرسن منسٹر سیاحت ہوں گے جبکہ سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری فنانس اور سیکریٹری پی اینڈ ڈی بطور ممبر فرائض انجام دیں گے۔اتھارٹی سیاحت و ورثے کے فروغ کے لیے پالیسی اور گائڈ لائنز طے کرے گی، اتھارتی متعلقہ اداروں کے اشتراک سے سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔ اتھارٹی ایکو سیاحت، اور ماحول دوست سیاحتی مقامات بنائے گی۔اتھارٹی سیاحتی مقامات کی میپنگ کرے گی اور ریکارڈ اکٹھا کرے گی جبکہ اتھارٹی کے پاس سیاحت کے لیے ضابطہ اخلاق طے کرنے کا اختیار ہوگا۔ اتھارٹی بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سیمینار و ورکشاپس منعقد کروا سکے گی، اتھارٹی بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کر سکے گی۔پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی سے بل گزشتہ روز منظورکیا گیا، بل کے تحت منشیات کے مقدمات میں ضمانت سے متعلق دفعات تبدیلیاں کی گئیں۔بل کے متن کے مطابق عمر قید کی سزا والے منشیات مقدمات میں ملزمان کو ضمانت نہیں دی جا سکے گی، عدالت کو دیگر جرائم میں ضمانت دینے سے قبل بھاری زرِ ضمانت اور کیس کی نوعیت دیکھنا لازمی ہوگا۔متن میں یہ بھی کہا گیا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ میں سنی جائے گی، ہائی کورٹ کے بینچ کی نامزدگی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کریں گے‘ پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بجلی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 صوبائی اسمبلی سے کمیٹی کو بھیجے بغیر ہی منظور کرلیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر بجلی ڈیوٹی لاگو ہو گی۔بل کے متن کے مطابق بجلی ڈیوٹی فی یونٹ 4 پیسے ہو گی۔ 500 کے وی اے تک بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین کو بجلی ڈیوٹی سے استثنا حاصل ہو گا جب کہ 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے ٹیکس نیٹ میں لائے جائیں گے