اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ میں پاکستان کو تین نئی سب میرین کیبلز کے ذریعے عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔
وزارت کے حکام کے مطابق یہ نئی کیبلز پاکستان کو براہِ راست یورپ سے جوڑیں گی، جس سے موجودہ محدود راستوں پر انحصار کم ہوگا اور ملک کا انٹرنیٹ انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا۔ اس اقدام سے نہ صرف بین الاقوامی کنیکٹیویٹی بہتر ہوگی بلکہ آن لائن خدمات کی رفتار اور معیار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سید امین الحق نے کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کیبلز کے معاہدے پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکرٹری زَرّار ہاشم خان نے کہا کہ ان منصوبوں سے بینڈوڈتھ کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا اور صارفین کے لیے مستحکم اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ سروس کو یقینی بنایا جائے گا۔