پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ 2 جنوری 2025 کو اے اے ای 1 سب میرین کیبل سسٹم میں ایک فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔
اس خرابی کے باعث بینڈ وڈتھ کی دستیابی میں وقتی مسائل سامنے آئے، تاہم پی ٹی اے نے فوراً عارضی بینڈ وڈتھ سسٹم کا انتظام کر لیا تھا تاکہ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی متاثر نہ ہو۔پی ٹی اے کے مطابق، اس خرابی کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کوئی خاص کمی یا ڈیگریڈیشن نہیں ہوئی ہے، اور انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق جاری ہیں۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ انہوں نے اس سسٹم کی بحالی کے عمل کو مانیٹر کرنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور اس دوران تمام انٹرنیٹ سروسز کو مکمل طور پر یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ سب میرین کیبل سسٹم پاکستان کے انٹرنیٹ کنکشن کے لیے ایک اہم حیثیت رکھتا ہے، اور اس کی خرابی عارضی طور پر انٹرنیٹ سروسز کو متاثر کر سکتی ہے، لیکن پی ٹی اے نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انٹرنیٹ سروسز میں کمی کا سامنا نہیں ہو رہا۔