ٹیلی کام کمپنی پی ٹی سی ایل نے پاکستان کو افریقہ-1 سب میرین کیبل سے منسلک کر دیا ہے، جس کا مقصد ملکی ڈیجیٹل اور ٹیلی کام نظام کی بہتری ہے۔
یہ سب میرین کیبل بڑی مقدار میں ڈیٹا ٹرانسمیشن کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے کراچی میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے منسلک کیا گیا ہے۔پی ٹی سی ایل نے افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم میں شمولیت کا باضابطہ معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد عالمی ڈیجیٹل مراکز سے پاکستان کے روابط کو مضبوط بنانا اور قومی ٹیلی کمیونی کیشن ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔دس ہزار کلومیٹر طویل اس کیبل سسٹم میں جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں، جو پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، الجیریا، فرانس، کینیا، اور جبوتی سمیت اہم اسٹریٹجک مقامات سے جوڑ دے گا۔
پی ٹی سی ایل کے گروپ نائب صدر برائے انٹرنیشنل بزنس، سید محمد شعیب نے کہا کہ افریقہ-1 کیبل سسٹم میں شرکت پاکستان کے ’ڈیجیٹل وژن 2030‘ کے مطابق ہے، اور اس سے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی سی ایل ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے، عوام کو بااختیار بنانے اور مختلف شعبوں میں جدت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جس سے ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔واضح رہے کہ افریقہ-1 کیبل سسٹم 2026 کے اوائل میں فعال ہو جائے گا، جس کے بعد صارفین کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔