وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ وزارت کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے پاکستان کے لیے ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھل رہے ہیں۔ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اگلے تین سال میں ہر سال 3,500 پاکستانی ورک ویزہ پر اٹلی جائیں گے، جس میں 1,500 پاکستانی سیزنل کوٹہ اور 2,000 نان سیزنل کوٹہ کے تحت روزگار حاصل کریں گے۔پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے، جس میں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں کام کریں گے۔
یہ اقدام یورپ میں پاکستانی ورک فورس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے نوکریوں میں کوٹہ مختص کیا ہے۔ پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا۔چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے، اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ملک کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں، اور جلد یورپ کے مزید ممالک کے دروازے پاکستانی ورک فورس کے لیے کھلیں گے۔