روس کے شہر پیٹروپاولوسک کامچاتسکی اور گرد و نواح میں زلزلے نے پورے علاقے میں سونامی کے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکٹرز تھی اور یہ زمین کی سطح سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جو انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔زلزلے کے فوری بعد پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے الاسکا کے الیوٹین جزائر کے لیے سونامی ایڈوائزری جاری کی، جو بعد میں خطرہ کم ہونے پر واپس لے لی گئی۔ تاہم روس کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی لہریں کسی بھی وقت ٹکرا سکتی ہیں، جس کے پیش نظر مقامی حکام نے ساحلی آبادی کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ زلزلہ اسی علاقے میں آیا ہے جہاں 30 جولائی کو 8.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس نے ہوائی، کیلیفورنیا اور جاپان میں تباہ کن سونامی لہریں پیدا کی تھیں۔
زلزلے کا مرکز کامچٹکا جزیرہ نما کے قریب پیٹروپاولوسک کامچاتسکی تھا۔حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں ساحلی علاقوں کی طرف نہ جائیں اور سرکاری اعلان تک بلند مقامات پر قیام کریں۔ اب تک کینیڈا، امریکا اور ہوائی کے لیے کوئی خطرہ ظاہر نہیں کیا گیا، لیکن روس کے مشرقی ساحلی علاقوں میں زبردست الرٹ جاری ہے۔