اسلام آباد: سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، مقتولہ کے اہلخانہ نے نامزد ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا۔
مقتولہ کی بہن علوینہ اور والدہ نے بھی ملزم کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عدالت میں اس کے حق میں بیان جمع کروا دیا۔عدالتی کارروائی کے دوران مقتولہ کے اہلخانہ عدالت میں پیش ہوئے اور ملزم احسن طاہر کے حق میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر مدعی پارٹی کی جانب سے جمع کروایا گیا حلف نامہ بھی سامنے آگیا، جس میں واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔حلف نامے کے مطابق اہلخانہ کا مؤقف ہے کہ احسن طاہر نے جان بوجھ کر ربیعہ احسن کو قتل نہیں کیا بلکہ یہ ایک حادثہ تھا جس کے نتیجے میں ان کی جان چلی گئی۔حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ اہلخانہ نے اپنی تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن طاہر نے ربیعہ احسن کا قتل نہیں کیا۔ انہوں نے ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا بھی بیان دیا ہے۔
مقتولہ کے اہلخانہ کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ملزم کے خلاف مزید کارروائی نہیں چاہتے اور اسے اپنی رضامندی سے معاف کر چکے ہیں۔دوسری جانب مدعی خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل صبا فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئیں۔اہلخانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کے بعد کیس میں اہم قانونی پیشرفت ہوئی ہے۔ تاہم مقدمے کے حتمی فیصلے اور مزید قانونی کارروائی کا انحصار عدالت کے سامنے موجود شواہد اور متعلقہ قانونی تقاضوں پر ہوگا۔