اینکر پرسن ربیعہ قتل کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری، انکشافات سامنے آگئے

اینکر پرسن ربیعہ قتل کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری، انکشافات سامنے آگئے

راولپنڈی: خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس آج مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کو عدالت میں پیش کرکے مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست کرے گی۔

 پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ فرانزک رپورٹ کو تفتیش میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کو گردن سے نیچے ایک گولی لگی، جو جسم کے اگلے حصے سے داخل ہوکر کمر کی جانب سے باہر نکل گئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے، جبکہ پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونے مزید تجزیے کے لیے لاہور کی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں شوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ اتوار کے روز دونوں میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے۔ اسی دوران الماری سے پستول نکلا اور اچانک فائر ہوگیا، جس کے نتیجے میں ربیعہ احسن کو گولی لگی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والا پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والا گولی کا خول بھی فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھیجا جا رہا ہے۔ فرانزک رپورٹ سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ آیا مقتولہ کو لگنے والی گولی اسی پستول سے فائر کی گئی تھی یا نہیں۔

مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج
پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کے اہل خانہ ابتدا میں واقعے کو حادثہ سمجھ رہے تھے اور قتل کا مقدمہ درج کرانے پر آمادہ نہیں تھے، تاہم بعد ازاں مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔خرم احمد نے گزشتہ روز اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ خاندان نے مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کیس کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔

گھریلو ملازم سے بھی تفتیش
ذرائع کے مطابق پولیس نے گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ گھریلو ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی، جسے دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے گھر واپس بھیج دیا ہے۔پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اب تک تفتیش کے دوران غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ تھانہ صدر بیرونی کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی تاکہ واقعے کے حالات و واقعات اور دستیاب شواہد کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔