ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش کے دوران ملزم کے بدلتے بیانات کے تناظر میں پولیس کا فیصلہ

ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش کے دوران ملزم کے بدلتے بیانات کے تناظر میں پولیس کا فیصلہ

راولپنڈی: اینکر پرسن اور صحافی ربیعہ احسن کے قتل کیس میں پولیس نے دورانِ تفتیش ملزم کے بدلتے ہوئے بیانات کے پیش نظر اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ کل لاہور میں کروایا جائے گا، جس کے ذریعے واقعے سے متعلق حقائق جاننے اور ملزم کے بیانات کی جانچ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کی رپورٹ ہفتے کے روز پولیس کو موصول ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب ربیعہ احسن قتل کیس میں گرفتار ان کے شوہر احسن طاہر کو آج دوبارہ مجاز سینئر سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے ملزم کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے استدعا منظور کرنے کے بجائے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرکے اسے 13 نومبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ اس سے قبل عدالت ملزم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرچکی تھی۔ چار روزہ جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد پولیس ملزم کو مزید تفتیش کے لیے واپس تھانے لے گئی۔