راولپنڈی: اینکر ربیعہ احسن کے پراسرار قتل کیس میں گرفتار ان کے شوہر احسن طاہر کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ملزم احسن طاہر کو سینئر سول جج نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ مقدمے کی تفتیش کہاں تک پہنچی ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔عدالت نے ملزم کے پولی گرافک ٹیسٹ سے متعلق بھی دریافت کیا، جس پر تفتیشی افسر نے تصدیق کی کہ ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ تاہم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ تفتیشی افسر سب انسپکٹر منتظر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ آئندہ دو سے تین روز میں مل جائے گی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم اب مزید تفتیش کے لیے درکار نہیں، جس پر عدالت نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا۔عدالت نے ملزم احسن طاہر کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے اور یکم دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ربیعہ احسن قتل کیس کا چالان بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔سماعت کے موقع پر ملزم کا عدالتی دفتر میں بائیومیٹرک بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف استعمال شدہ پستول کے غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ بھی درج ہے۔