راولپنڈی میں قتل ہونے والی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

راولپنڈی میں قتل ہونے والی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

راولپنڈی میں مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ سے قبل ان کی میت مرکزی جامع مسجد پہنچائی گئی، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی خرم کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کر رکھا ہے۔پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع ان کے گھر میں گولی لگی تھی۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج

گزشتہ روز تھانہ صدر بیرونی میں مقتولہ کے بھائی خرم کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی کا کہنا ہے کہ انہیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ان کی بہن ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔مقتولہ کے بھائی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ربیعہ احسن خون میں لت پت پڑی تھیں اور ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں حادثاتی طور پر گولی چلنے کا دعویٰ

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، مقتولہ کی بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھے جا رہے تھے اور سردیوں کے کپڑے نکالے جا رہے تھے۔ اسی دوران کپڑوں میں سے ایک 30 بور پستول نکلا۔گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق مقتولہ کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا کہ اسی دوران گولی چل گئی۔ ملزم نے بھی پولیس کو دیے گئے اپنے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی، جو ربیعہ احسن کو جا لگی۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات کی تحقیقات کی جائیں گی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں ایک گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ مقتولہ کی لاش اڈیالہ روڈ کے علاقے گلشن آباد میں واقع ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی تھی۔ ان کی گردن کے نچلے حصے پر گولی لگنے کا نشان موجود تھا۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ اسلحہ قبضے میں لے کر فرانزک شواہد اور دیگر نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کے ذریعے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد تفتیش اور مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

سی پی او راولپنڈی کا جائے وقوعہ کا دورہ

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے اور ان کی لاش بیڈ روم سے ملی، جبکہ انہیں سامنے کی جانب گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے قتل کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے اور شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق مقتولہ کے شوہر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ آلہ قتل بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں اور واقعے کی تفتیش میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی۔

مقتولہ کی دو بیٹیاں، شوہر سرکاری ملازم ہے

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں 18ویں گریڈ کا ملازم ہے۔ ربیعہ احسن کی دو بیٹیاں ہیں، جبکہ ان کا اسلام آباد میں ایک سیلون بھی تھا۔ ذرائع کے مطابق ربیعہ اور احسن نے پسند کی شادی کی تھی۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی سامنے نہیں آئی، جبکہ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں۔

عظمیٰ بخاری کا بیان

دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ بندوق سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔