خاتون اینکر ربیعہ احسن قتل کیس، ملزم احسن ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی منتقل

خاتون اینکر ربیعہ احسن قتل کیس، ملزم احسن ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی منتقل

راولپنڈی: خاتون اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس ملزم احسن کو ڈی این اے اور پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے جانے کے بعد واپس راولپنڈی پہنچ گئی۔

 ملزم اس وقت پولیس کے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہے اور آج اس کے ریمانڈ کا تیسرا روز ہے۔پولیس کے مطابق ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری میں باقاعدہ لیٹر جمع کرا دیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم کی جانب سے قتل کے واقعے سے متعلق مختلف شواہد اکٹھے کرکے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق قتل کیس سے منسلک سات اہم شواہد کے پارسل بھی فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کرا دیے گئے ہیں تاکہ ان کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جا سکے اور تفتیش میں مدد حاصل ہو۔پولیس نے مقتولہ ربیعہ احسن اور ملزم کے زیر استعمال چار موبائل فونز بھی فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کرا دیے ہیں۔ ان موبائل فونز کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا، جبکہ ان سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے ٹرانسکرپٹ بھی تیار کی جائے گی تاکہ دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو، رابطوں اور دیگر اہم معلومات کا جائزہ لیا جا سکے۔

دوسری جانب پولیس نے مقتولہ کے کاروباری روابط کی بھی چھان بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا موبائل فون بھی فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام اس فون میں موجود ڈیٹا اور رابطوں کی جانچ پڑتال کریں گے تاکہ مقتولہ کے کاروباری معاملات اور ممکنہ تنازعات سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔پولیس تفتیش میں ڈی این اے، پولی گرافک ٹیسٹ، موبائل فونز کے فرانزک تجزیے اور دیگر شواہد کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان تمام مراحل کا مقصد قتل کے واقعے سے متعلق حقائق تک پہنچنا اور تفتیش کے مختلف پہلوؤں کو واضح کرنا ہے۔