غیر قانونی گولڈ مائننگ میں سہیل آفریدی کا بھائی ملوث، 80 فیصد پیسہ دہشتگردی میں استعمال ہو رہا تھا، صوبائی مشیر ثمر بلور

غیر قانونی گولڈ مائننگ میں سہیل آفریدی کا بھائی ملوث، 80 فیصد پیسہ دہشتگردی میں استعمال ہو رہا تھا، صوبائی مشیر ثمر بلور

چارسدہ: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر بلور نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث تھے، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی 80 فیصد رقم دہشتگردی کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

چارسدہ پریس کلب میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ثمر بلور نے کہا کہ سابق پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی توجہ نہیں دی۔ ان کے بقول پی ٹی آئی حکومت کو اپنے خاتمے کا اندازہ تھا اور گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے پہلے صوبائی خزانہ خالی کردیا گیا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کے پاس صرف 10 لاکھ روپے کے فنڈز موجود تھے، جبکہ دیگر صوبائی محکموں سے بھی فنڈز نکالے گئے تھے۔ثمر بلور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نوید آفریدی اور دیگر افراد صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث تھے اور یہ سرگرمیاں مبینہ طور پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی نگرانی میں جاری تھیں۔صوبائی مشیر نے مزید الزام عائد کیا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پوری طرح ملوث تھی اور اس کے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ روابط تھے۔

 ان کے مطابق اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد دہشتگردی میں استعمال ہورہا تھا۔ثمر بلور نے 11 نومبر کو کوہاٹ میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے منسوب غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کی تھی۔ ان کے دعوے کے مطابق اس کارروائی کے ردعمل میں تحریک طالبان پاکستان نے پی ٹی آئی کی ایما پر پولیس پر حملہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔