پشاور: خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی ممبر اور مشیر اطلاعات ثمر بلور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ہم عزت کرتے ہیں، تاہم وہ جن معاملات کو آپس میں جوڑ رہے ہیں وہ درست نہیں، مولانا صاحب ہوش کے ناخن لیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثمر بلور نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب کے اندر جو غصہ پایا جارہا ہے وہ انتہائی عجیب ہے۔ ان کے مطابق مولانا کی ناراضی کی وجہ یہ ہے کہ ان کے ساتھ ملاقاتیں اور مشاورت نہیں کی جارہی۔ثمر بلور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے عجیب باتیں کی جارہی ہیں۔ ہم مولانا صاحب کی عزت کرتے ہیں، لیکن انہیں معاملات کو درست تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو صوبے کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی دعوت بھی دی۔
سہیل آفریدی کے حوالے سے اہم انکشافات
مشیر اطلاعات ثمر بلور نے سہیل آفریدی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی بھی محفوظ کسٹڈی میں ہیں، تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں کہ وہ پشاور میں ہیں یا کسی اور مقام پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کے خلاف چارج شیٹ سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان پر اربوں روپے کی کرپشن اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔ثمر بلور کے مطابق سہیل آفریدی نے مختلف اضلاع میں مبینہ طور پر غیر قانونی ٹھیکے دیے، جبکہ ان کے بھائی اور کزن پر بھی مختلف منصوبوں میں کرپشن کے الزامات ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی ریڈیو پاکستان سمیت دیگر معاملات میں بھی ملوث ہیں۔
سانحہ دیر کالونی کی انکوائری رپورٹ جلد سامنے آئے گی
پریس کانفرنس میں ثمر بلور نے سانحہ دیر کالونی کے افسوسناک واقعے پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور انکوائری رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسکولوں اور مدارس کی عمارتوں کی مرمت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بچوں کی تعلیم متاثر ہونے سے بچانے کے لیے مرمتی کام فری پیریڈ کے دوران مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
صحت کارڈ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ثمر بلور
صحت کارڈ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ صحت کارڈ کے نظام کا جائزہ لینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، تاہم اسے بند یا منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) کی انتظامیہ کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان اداروں کے بورڈز میں شامل افراد کی کارکردگی اور معاملات کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ نظام میں بہتری لائی جاسکے۔ثمر بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے اور تمام معاملات کا جائزہ لے کر ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔