کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 94 کلومیٹر علاقہ کلیئر

کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 94 کلومیٹر علاقہ کلیئر

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران تقریباً 94 کلومیٹر کے علاقے کو غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی مائننگ میں مصروف عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی سپلائی لائنز بھی منقطع کردی گئی ہیں، جبکہ اس سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے مکمل خاتمے تک گرینڈ آپریشن جاری رکھا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

قدرتی وسائل کا تحفظ حکومتی ترجیحات میں شامل

ذرائع کے مطابق قدرتی وسائل کا تحفظ، معدنی ذخائر کے قانونی استعمال کو یقینی بنانا اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام خیبرپختونخوا کی نئی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔غیر قانونی کان کنی سے معدنی وسائل کے ضیاع کے ساتھ سرکاری محصولات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، اسی لیے انتظامیہ کی جانب سے ایسی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں۔