گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا چارج سنبھال لیا ہے۔
انہوں نے نئی ذمہ داری سونپنے پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا۔ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ گورنر کی جانب سے اہم ذمہ داری سونپنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا ان کا وژن ہے، جبکہ صوبے کی دوبارہ آبادکاری اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ صوبے کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔ صوبے کے کسی بھی علاقے میں آفت، سانحے یا مشکل صورت حال کے دوران متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا کی تعمیرِ نو اور عوام کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔