پشاور : خیبر پختونخوا کی سیاست میں بڑا موڑ سامنے آ گیا، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سینئر رہنما ثمر ہارون بلور نے جماعت سے راہیں جدا کر کے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔ ثمر بلور سابق ایم پی اے اور شہید رہنما ہارون بلور کی اہلیہ ہیں۔
وزیراعظم سے ملاقات، شمولیت کا اعلان
ایکسپریس نیوز کے مطابق ثمر بلور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شمولیت کا باضابطہ اعلان وزیراعظم سیکریٹریٹ سے جاری کیا جائے گا۔ثمر بلور نے ملاقات کے بعد کہا:"میں نے وزیراعظم سے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی میں میری شمولیت سے متعلق جلد سرکاری اعلامیہ جاری ہوگا۔"
اے این پی سے دوری اور اختلافات
ثمر بلور، جو اپنے شوہر ہارون بلور کے حلقے سے خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں، کافی عرصے سے اے این پی کی سرگرمیوں سے کنارہ کش تھیں۔ ذرائع کے مطابق وہ پارٹی قیادت سے بعض اختلافات کے باعث خاموشی اختیار کیے ہوئے تھیں، جبکہ کچھ ماہ قبل ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی افواہیں بھی زیر گردش رہیں، تاہم اب انہوں نے مسلم لیگ ن کا انتخاب کر کے ان تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا۔
بلور خاندان میں تقسیم؟
ثمر بلور کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی کہ کیا بلور خاندان اے این پی سے مکمل طور پر الگ ہو رہا ہے؟ تاہم ان قیاس آرائیوں کو اس وقت رد کر دیا گیا جب سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے پارٹی سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کر دی۔قریبی ذرائع کے مطابق حاجی غلام بلور نے واضح کیا ہے کہ:"ان کی عوامی نیشنل پارٹی سے وابستگی برقرار ہے، وہ پارٹی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔"
ہارون بلور کی یاد، ساتویں برسی آج
یہ سیاسی پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب ہارون بلور کی ساتویں برسی کل منائی جا رہی ہے۔ جولائی 2018 میں انتخابی مہم کے دوران ایک خودکش حملے میں ان کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا۔ ان کی قربانی کو آج بھی خیبر پختونخوا کی سیاست میں ایک ناقابلِ فراموش باب کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔