جرمنی کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو اپنی سابقہ پارٹنر برینڈا پیتیا کی جانب سے نئے قانونی چیلنج کا سامنا ہے۔
برینڈا پیتیا نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینس اسٹار کو گھریلو تشدد کے مقدمے سے متعلق بعض بیانات دینے سے روکا جائے اور انہیں ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینڈا پیتیا نے الزام عائد کیا ہے کہ زیوریف نے گھریلو تشدد کے مقدمے کے اختتام کو غلط انداز میں پیش کیا اور اپنی بے گناہی ثابت ہونے کا تاثر دیا، حالانکہ عدالتی کارروائی کے اختتام کو بریت قرار نہیں دیا گیا تھا۔دوسری جانب زیوریف کے وکلا نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس نئے مقدمے کا عدالت میں دفاع کریں گے۔ ان کے وکلا کا مؤقف ہے کہ ان کے موکل کو اپنی بے گناہی پر یقین رکھنے اور اس کا اظہار کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں زیوریف کے خلاف جسمانی تشدد کے الزامات پر سزا کا حکم جاری کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے اس فیصلے کو چیلنج کردیا تھا۔ بعد ازاں جون 2024 میں برلن کی عدالت میں مقدمے کی سماعت شروع ہوئی۔تاہم برینڈا پیتیا کی خواہش اور زیوریف کی رضامندی سے کارروائی ختم کردی گئی تھی۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ مقدمے کی کارروائی ختم ہونے کا مطلب نہ تو زیوریف کا جرم ثابت ہونا تھا اور نہ ہی انہیں الزامات سے بری قرار دیا گیا تھا۔