ٹینس کی دنیا کی عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز ایک بار پھر شائقین کے لیے بڑا سرپرائز لے کر سامنے آ سکتی ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرینا ولیمز کو رواں ماہ ہونے والے ومبلڈن چیمپئن شپ کے خواتین کے سنگلز مین ڈرا کے لیے ممکنہ طور پر وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے، جس کے بعد ان کی غیر متوقع واپسی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔44 سالہ امریکی اسٹار، جو گزشتہ برسوں میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ تر مقابلوں سے دور رہی ہیں، مبینہ طور پر حال ہی میں محدود ڈبلز مقابلوں میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔ اس پیش رفت نے شائقین میں یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ وہ ایک بار پھر سنگلز کورٹ میں واپسی کر سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سرینا کو اس سے قبل اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے ساتھ ومبلڈن ڈبلز ایونٹ میں شرکت کے لیے بھی خصوصی انٹری دی گئی تھی۔سرینا ولیمز کے نام ومبلڈن میں 7 سنگلز ٹائٹلز اور مجموعی طور پر 23 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز ہیں، جبکہ وہ 319 ہفتے عالمی نمبر ایک بھی رہ چکی ہیں۔ ان کا آخری ومبلڈن سنگلز فائنل 2019 میں ہوا تھا، جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ومبلڈن کا ڈرا جمعہ کو متوقع ہے جبکہ ٹورنامنٹ 29 جون سے شروع ہوگا۔