محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں پر پڑوسی کو قتل کی کوشش کا مقدمہ، سنگین الزامات عائد

محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں پر پڑوسی کو قتل کی کوشش کا مقدمہ، سنگین الزامات عائد

بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئیں، اس بار وجہ ہے قتل کی کوشش، مجرمانہ سازش اور حملے جیسے سنگین الزامات۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

زمین کے تنازع سے شروع ہونے والا معاملہ پولیس تک پہنچا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حسین جہاں اور ان کے پڑوسیوں کے درمیان زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا، جس کا واقعہ سوری علاقے کے وارڈ نمبر 5 میں پیش آیا۔حسین جہاں کا مؤقف ہے کہ پڑوسی خاتون گڈو بی بی مبینہ طور پر ایسی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو ان کی بیٹی عرشی جہاں کے نام پر ہے۔

تعمیراتی کام پر تنازع، حملے کا الزام
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب حسین جہاں نے متنازع زمین پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔ گڈو بی بی اور دیگر افراد کی جانب سے کام رکوانے کی کوشش کی گئی، جس پر حسین جہاں اور ان کی بیٹی پر پڑوسی خاتون دلیہ خاتون پر حملہ کرنے کا الزام لگایا گیا۔پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر لی ہے جس میں قتل کی کوشش، حملہ، اور مجرمانہ سازش جیسی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

حسین جہاں کا ردعمل
حسین جہاں نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ:"یہ زمین قانونی طور پر میری بیٹی کے نام ہے، کچھ لوگ سازش کے تحت قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میں نے صرف اپنے حق کا دفاع کیا۔"
پولیس تحقیقات جاری
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اب تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی، تاہم فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں اور ممکنہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔