حوثیوں کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکی فوجی سربراہ ریاض پہنچ گئے، محمد بن سلمان سے ملاقات

حوثیوں کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکی فوجی سربراہ ریاض پہنچ گئے، محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ریاض میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی و عسکری تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بالخصوص فوجی اور دفاعی امور میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر کی سعودی عرب میں یہ جولائی میں یمن کے حوثیوں کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد تیسری عوامی طور پر رپورٹ ہونے والی آمد ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کو اہمیت حاصل ہے۔