ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ریاض کے شمالی علاقے کو نشانہ بنا کر داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی قیادت میں یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کے شمال میں بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق سعودی دفاعی نظام نے میزائل کی بروقت نشاندہی کی اور اسے فضا میں ہی انٹرسیپٹ کرکے تباہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل حوثی ملیشیا کی جانب سے لانچ کیا گیا تھا۔ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں حوثیوں کو ’دہشت گرد حوثی ملیشیا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے روک کر مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
یہ واقعہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے۔ حوثی گروپ ماضی میں بھی سعودی عرب کے مختلف علاقوں، فوجی تنصیبات اور اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کے دعوے کرتا رہا ہے۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی حدود اور شہری آبادیوں کے تحفظ کے لیے میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔