صنعا: یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف علاقوں میں اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
حوثی گروپ کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جبکہ ابہا ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔حوثیوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں واقع ایک ایئربیس کو بھی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔حوثی گروپ کی جانب سے جاری بیان میں حملوں کی نوعیت، ممکنہ نقصان یا کسی جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب سعودی عرب نے تاحال ان حملوں کی تصدیق نہیں کی، جس کے باعث حوثیوں کے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
حوثی گروپ ماضی میں بھی سعودی عرب کے مختلف فوجی اور شہری اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کرتا رہا ہے، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کئی مواقع پر حوثی حملوں کو روکنے اور میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔حالیہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب یمن کے تنازع اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔