جماعت اسلامی کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، لیاقت بلوچ

لاہور میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی اور اپنی سیاست آزادانہ بنیادوں پر جاری رکھے گی۔

پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’’بدل دو نظام‘‘ کوئی نعرہ نہیں بلکہ ایک منظم تحریک ہے، اور سیاسی رہنماؤں و خواتین کی رہائی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ موجودہ سزاؤں سے ملک میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ سیاست کو بند گلی سے نکالنے کے لیے قومی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور ملک میں سیاسی استحکام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر جماعت کو جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔نائب امیر نے کہا کہ دینی جماعتیں ہمیشہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی قابلِ اعتماد پشتیبان رہی ہیں اور ان مظلوم اقوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے علما و قیادت کا ملی یکجہتی کونسل کے 17 نکاتی ضابطۂ اخلاق پر مکمل اتفاق ہے، جو قومی ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد ہے۔لیاقت بلوچ نے الزام لگایا کہ پاکستان میں بدامنی، دہشت گردی اور ہر خونی واردات کے پیچھے امریکا، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ کارفرما ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے قومی معیشت کے حقائق کی نشاندہی کو بھی اجاگر کیا، جس سے موجودہ معاشی صورتحال کی سنگینی واضح ہوتی ہے۔