جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز، حافظ نعیم ملک گیر ہڑتال کے اعلان کی توقع:لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز، حافظ نعیم ملک گیر ہڑتال کے اعلان کی توقع:لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرنے کے خلاف جاری دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔

لاہور میں دھرنے کے مقام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان آج پشاور میں دھرنے کی قیادت کریں گے اور ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے دھرنوں میں شریک ہوں۔  لیاقت بلوچ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا، اور 7 اگست کو ملک بھر میں 510 سڑکیں بند کی گئیں، یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پرامن جمہوری سیاسی مزاحمت ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حکومتی پالیسیوں سے مایوس ہیں، اور ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پیٹرول پر 103 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں 145 روپے عائد ہیں، اور وفاقی حکومت کے 28 ماہ کے دوران کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔  
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ عوام پر 22 ارب روپے سے زائد قرضہ روزانہ بڑھ رہا ہے، اور حکومتی اخراجات 42 ارب سے بڑھ کر ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا خسارہ سبسڈی کے باوجود بڑھتا جا رہا ہے، اور حکومت نے آئی پی پیز کو کچھ بند کرنے اور بات کرنے پر مجبور کیا ہے، مگر حکمران اپنی عیاشیاں اور پروٹوکول چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔  انہوں نے زور دیا کہ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کی آواز ہے اور وہ حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روزانہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام کے ساتھ ظلم کر رہی ہے، اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بھی مذاق کیا جا رہا ہے۔ عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور حکومتی رویہ انتہائی ظالمانہ ہے۔