وزیراعظم اور مسلم لیگ ن نے بطور جماعت تجویز کی ذمہ داری قبول نہیں کی:سابق وفاقی وزیر
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے 6 بنیادی اور اہم سوالات پوچھ لئے اور کہا ہے کہ ان سوالوں کے ٹھوس جوابات کے بغیر نئے صوبوں کا فیصلہ محض ایک سیاسی نعرہ ہوگا کوئی قابلِ عمل منصوبہ نہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے پورا ملک نئے صوبوں کے قیام کی بحث کی لپیٹ میں ہے اور بتایا جا رہا ہے مقتدر حلقوں نے اس کا فیصلہ کرلیا، تاہم آج بھی یہ تجویز انتہائی مبہم ہے اور اس کے بنیادی خدوخال عوام کے سامنے نہیں لائے گئے چونکہ وزیراعظم اور مسلم لیگ ن نے بطور جماعت اس تجویز کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور پیپلزپارٹی اس کی مخالفت کرچکی، اس لیے ان سوالات کے جوابات کی واحد امید محسن نقوی سے وابستہ ہے۔اسد عمر نے اپنے پہلے سوال میں نکتہ اٹھایا ہے کہ نئے صوبوں کے متبادل کے طور پر انتظامی یونٹس بنانے کی بات بھی کی جا رہی ہے، لہذا حکومت اور متعلقہ حلقے واضح کریں کہ مجوزہ نظام میں ایک مکمل صوبے اور انتظامی یونٹ کے درمیان بنیادی آئینی و انتظامی فرق کیا ہوگا؟۔دوسرے سوال میں انہوں نے معاشی بوجھ کی نشاندہی کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ 8 نئے وزرائے اعلی، 8 چیف سیکریٹریز، 250 سے زائد صوبائی وزرا اور 300 سے زیادہ صوبائی سیکریٹریوں کے عہدے قائم کرنے پر کتنا خرچ آئے گا؟ مزید برآں 8 وزرائے اعلی کیلئے نئے طیاروں کی خریداری، سینکڑوں سرکاری و لگژری گاڑیوں، 8 وزیراعلی ہاسز اور 8 نئے سول سیکریٹریٹس کے قیام و انتظام کیلئے درکار اربوں روپے کے اضافی وسائل کہاں سے آئیں گے؟۔تیسرے سوال میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پہلے ہی شدید قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اور خطِ غربت سے نیچے جانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ایسے حالات میں جب آئی ایم ایف بجٹ خسارے میں اضافے کی اجازت نہیں دے گا اور عوام میں مزید ٹیکس دینے کی سکت باقی نہیں رہی، تو ان نئے انتظامی اخراجات کی مالی اعانت کس طرح ممکن بنائی جائے گی؟۔چوتھے سوال میں انہوں نے 1991 کے آبی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ بڑی مشکل سے طے پایا تھا اور آج تک چاروں صوبوں کے درمیان اس کی تشریح اور عمل درآمد پر تنازعات جاری ہیں، جب چار صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے حاصل کرنا اتنا کٹھن رہا ہے، تو اب موجودہ دور میں مجوزہ 12 صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم پر اتفاقِ رائے کیسے پیدا کیا جائے گا؟۔پانچویں سوال میں اسد عمر نے وسائل کی تقسیم کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 17 سالوں سے چاروں صوبے ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں کسی بھی تبدیلی یا نئے ایوارڈ پر متفق نہیں ہوسکے، اگر 4 صوبے ہی اس معاملے پر ایک صفحے پر نہیں آ سکے تو 12 صوبوں کے درمیان نئے این ایف سی ایوارڈ پر اتفاقِ رائے کیسے حاصل کیا جائے گا؟۔چھٹے اور آخری سوال میں انہوں نے کہا کہ محض صوبائی دارالحکومت کا فاصلہ 300 کلومیٹر سے کم ہو کر 150 کلومیٹر رہ جانے سے عام شہری کو کیا فائدہ پہنچے گا؟ کیا آج لاہور کا کوئی غریب یا متوسط طبقے کا شہری چیف سیکریٹری کے دفتر جا کر اپنے مسائل حل کروا سکتا ہے؟ موجودہ طرزِ حکمرانی کو بدلے بغیر صرف نئے صوبے بنانے سے اختیارات عوام تک منتقل نہیں ہوں گے، لہذا واضح کیا جائے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عملی طریقہ کار کیا ہوگا؟۔