ون آن ون ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی‘صدر نے مختلف قومی معاملات بالخصوص نئے صوبوں کی بحث میں اپنے موقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا‘ قومی مفاد میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا :آصف زرداری
اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں اہم ملاقات کی جس میں اہم ملکی معاملات زیر بحث آئے۔ذرائع کے مطابق ون آن ون بات چیت تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کو اہم پیغام بھی پہنچایا۔ذرائع کا کہنا ہے صدر زرداری نے مختلف قومی معاملات بالخصوص نئے صوبوں کی بحث میں اپنے موقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا۔صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ قومی مفاد میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو لندن میں کرکٹ ٹیم کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کی بوچھاڑ کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کر دیا۔محسن نقوی سے آصف علی زرداری کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا میں صرف ملنے آیا ہوں سوالوں کا جواب نہیں دے سکتا لیٹ ہو رہا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے چند صحافیوں سے مصافحہ کیا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، تاہم کسی سوال کا تفصیلی جواب دئیے بغیر روانہ ہوگئے۔