تمام فیصلوں میں عوامی مفاد اور ان کی خواہشات کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے‘ آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل معاف نہیں کرے گا:سربراہ مسلم لیگ ق
پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے‘ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بہتر انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں:محسن نقوی
لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال، حکومتی اقدامات، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور نئے صوبوں کے قیام سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کا ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز اس ملک کے عام لوگ ہیں اور تمام فیصلوں میں عوامی مفاد اور ان کی خواہشات کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔ آج اگر درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل معاف نہیں کرے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بہتر انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسدادِ دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔