اداکارہ پروین اکبر نے حالیہ دورہ اولڈ ایج ہوم کو انتہائی دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کے مناظر نے انہیں تین دن تک شدید ڈپریشن میں مبتلا رکھا۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے ایک اولڈ ایج ہوم میں ماؤں کی بے بسی اور اولاد کی بے رخی دیکھ کر ان کا دل ٹوٹ گیا۔پروین اکبر کے مطابق، وہاں کئی خواتین اپنی اولاد کی ایک جھلک کو ترس رہی تھیں۔ ایک پڑھی لکھی خاتون نے بتایا کہ اس کے چار بچے ہیں مگر سب نے مل کر اسے اولڈ ایج ہوم میں چھوڑ دیا کیونکہ وہ شاید ان کے لیے بوجھ بن چکی تھی۔ ناں بیٹے رکھنے کو تیار تھے اور نہ ہی بیٹیاں اپنے گھروں میں جگہ دینے پر آمادہ تھیں۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کچھ خواتین کی ذہنی حالت بھی بہت خراب تھی، وہ دیواروں سے باتیں کر رہی تھیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کون سی اولاد اپنے والدین کو اس حال میں تنہا چھوڑ دیتی ہے، یہ منظر دیکھ کر ان کا دل بہت بوجھل ہو گیا۔