سینئر اداکارہ پروین اکبر کا نوجوان فنکاروں کے رویے پر کڑا تبصرہ، یک طرفہ محبت کو جذباتی کمزوری قرار دیدیا

سینئر اداکارہ پروین اکبر کا نوجوان فنکاروں کے رویے پر کڑا تبصرہ، یک طرفہ محبت کو جذباتی کمزوری قرار دیدیا

کراچی: معروف پاکستانی ڈرامہ اور فلم کی سینئر اداکارہ پروین اکبر نے شوبز انڈسٹری اور نوجوان فنکاروں کے رویوں پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

 نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران انہوں نے یک طرفہ محبت کو ناسمجھی اور جذباتی کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا انجام عموماً مایوسی ہی ہوتا ہے۔پروین اکبر نے اپنے فنی سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شروعات ریڈیو پاکستان سے ہوئی جہاں ان کی والدہ بھی اناؤنسر تھیں۔ شادی اور بچوں کی پرورش کے لیے انہوں نے 18 سال کا وقفہ لیا اور اس فیصلے پر کبھی ندامت محسوس نہیں کی کیونکہ ان کے نزدیک اولاد سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔اداکارہ نے موجودہ دور کے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کا شوبز ماحول ماضی سے مختلف ہے، نوجوان فنکاروں میں عزت اور ادب کی کمی دکھائی دیتی ہے۔ پہلے سینئرز کو احترام دیا جاتا تھا، لیکن اب بعض اوقات تو سلام کا جواب بھی نہیں دیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں غرور اور ناسمجھی زیادہ ہے اور وہ تنقید برداشت کرنے کے بجائے جواب میں اعتراض کر دیتے ہیں۔

پروین اکبر نے نوجوان لڑکیوں کو نصیحت کی کہ اپنی شادی جیسے اہم فیصلے والدین پر چھوڑ دیں کیونکہ والدین کا تجربہ بہتر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن کی راہ میں عاجزی اور سیکھنے کا جذبہ کامیابی کی کنجی ہے۔ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ پہلے دور میں پی ٹی وی پر تین کیمروں سے بیک وقت کام ہوتا تھا جبکہ آج کل ہر سین الگ الگ شوٹ کیا جاتا ہے اور اکثر ایک کیمرے پر انحصار ہوتا ہے۔آخر میں پروین اکبر نے کہا کہ شوبز صرف شہرت اور چمک دھمک کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل سیکھنے کا عمل ہے، جس میں محنت، انکساری اور بڑوں کا احترام فنکار کی اصل پہچان ہے۔