چیمپئنز ٹرافی: بھارتی میڈیا ''ہائبرڈ ماڈل'' پر راضی ہونے کی خبریں پھیلانے لگا

چیمپئنز ٹرافی: بھارتی میڈیا ''ہائبرڈ ماڈل'' پر راضی ہونے کی خبریں پھیلانے لگا

ویب ڈیسک:آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی کی افواہیں پھیلانی شروع کر دی ہیں،

جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے سازشیں کی جارہی ہیں۔ بھارتی میڈیا، خصوصاً "انڈیا ٹوڈے"، نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ بیک ڈور چینلز کے ذریعے پاکستان کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی ہائبرڈ ماڈل پر کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے، جس میں بھارت کی مخصوص شرائط رکھی جا سکتی ہیں۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے۔پی سی بی کے چیئرمین نے گزشتہ روز ایک دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان 2025 میں چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، اور کسی بھی صورت میں ایونٹ کا مکمل شیڈول پاکستان میں ہی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے اور ایونٹ کی میزبانی کے معاملے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے میڈیا کا سہارا لیا ہے تاکہ آئی سی سی کو مجبور کیا جا سکے کہ وہ چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول بدل کر پاکستان سے منتقل یا ہائبرڈ ماڈل پر کروا لے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ افواہیں چلائی جارہی ہیں کہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جھوٹا قرار دیا۔دوسری طرف، ایونٹ کی براڈکاسٹنگ کمپنیوں نے اس تاخیر پر آئی سی سی پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے کیونکہ شیڈول کی غیر واضحیت کی وجہ سے انہیں مالی نقصان ہو رہا ہے۔ ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے تاکہ مالیاتی اور انتظامی مسائل کو حل کیا جا سکے۔آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیدار بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان لچک نہ دکھانے پر پریشان ہیں۔ اگر بھارتی بورڈ اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھتا ہے تو ایونٹ کے مالی فوائد میں کمی آ سکتی ہے، جس سے عالمی کرکٹ پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔