بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلا جائے گا، جس کے تحت بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے۔
اس ماڈل کی آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں منظوری کا امکان ہے۔چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل کے بجائے ٹو نیشن فارمولا تجویز کیا ہے۔ اس فارمولا کے تحت، پاکستان اور بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے، جبکہ یو اے ای کو دوسرے وینیو کے طور پر شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جہاں 15 میں سے 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ تاہم، پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کی شرط یہ رکھی ہے کہ بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر تین ملکی سیریز بھی کرائی جائے۔
ویب سائٹ نے مزید بتایا کہ بھارت سہہ فریقی سیریز کے انعقاد کے لیے پاکستان کے مطالبے کو مسترد کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، بھارت کے میچز، ایک سیمی فائنل اور فائنل یو اے ای میں ہونے کا امکان ہے۔پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے بدلے اپنی شرائط رکھی ہیں، جنہیں براڈکاسٹرز اور دیگر حکام کی مخالفت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ براڈکاسٹرز بھی پاکستان کی شرائط سے متفق نہیں ہیں، جس کے باعث ان شرائط کے منظور ہونے کا امکان کم نظر آتا ہے۔