کراچی کی سیشن عدالت جنوبی میں منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے کیسز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گارڈن تھانے میں درج دو مقدمات کے تفتیشی افسر نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انمول پنکی اور دیگر ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ جنوبی نے پہلے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، تاہم کیس کی مکمل تفتیش اور اہم شواہد کے حصول کے لیے جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے۔دوسری جانب درخشاں اور گزری تھانوں میں درج نو مقدمات کے حوالے سے بھی عدالت نے اہم حکم جاری کیا ہے۔ سیشن عدالت جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو جوڈیشل کمپلیکس جیل میں پیش کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمہ کو ریمانڈ کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے، تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران نقصِ امن کا خطرہ موجود ہے اور عوامی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سٹی کورٹ میں روزانہ بڑی تعداد میں مقدمات کی سماعت ہوتی ہے جبکہ وکلاء، سائلین اور عدالتی عملہ موجود ہوتا ہے، اس لیے عوامی تحفظ کے پیشِ نظر احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔عدالت نے مزید کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست پر پہلے بھی اجازت دی جا چکی ہے، لہٰذا متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج ہی جوڈیشل کمپلیکس جیل میں ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کریں۔