فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران، فیکلٹی اور جوانوں سے ملاقات کی اور بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کو اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگی تقاضوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے ساتھ ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بدلتے ہوئے جنگی ماحول کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنایا جائے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے روکا نہیں جا سکتا، اور پراکسیز کے ذریعے ملک کی پیشرفت روکنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کو ناگزیر قرار دیا اور صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ کوئٹہ آمد پر ان کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔