فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس: مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس: مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 کانفرنس میں مسلح افواج کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔فورم نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ کانفرنس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو بھی سراہا گیا۔کانفرنس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف زمینی کارروائیاں کافی نہیں بلکہ مؤثر گورننس، انتظامی اقدامات، پولیس کی استعداد کار میں اضافہ اور عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ بھی ضروری ہے۔ فورم کے مطابق دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجود گٹھ جوڑ کو توڑنا بھی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔کور کمانڈرز نے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو قانون اور فیصلہ کن طاقت کے ساتھ بلاامتیاز نمٹایا جائے گا۔

کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا اور اسے تینوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور جنگی شعبوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔