راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہل تشیع علما کرام کے وفد نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ گمراہ کن معلومات اور فرقہ وارانہ بیانیے کے تدارک کے لیے علما کی رہنمائی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کو ناقابل برداشت قرار دیا اور افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ فیلڈ مارشل نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف جہاں بھی ہوں کارروائی جاری رکھے گا۔
اس موقع پر انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ مذہبی جذبات کو تشدد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیرون ملک واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔اہل تشیع علما کرام نے اس ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور مذہب کے نام پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی۔ علما نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔