راولپنڈی: برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد کے سربراہ نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برازیل کے اعلیٰ سطح کے وفد کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و برازیل کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فوجی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
برازیلی وفد کی پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیل کے اعلیٰ سطح کے وفد کے سربراہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق برازیلی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ فوجی تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔