کراچی کے علاقے ناردرن بائی پاس پر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے سامنے ٹریلر اور کوسٹر کے درمیان خوفناک تصادم کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ایدھی حکام کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ کوسٹر کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔حادثے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کے باعث ناردرن بائی پاس پر یوسف گوٹھ کے قریب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی مکمل طور پر متاثر ہوئی۔
صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ گاڑیوں کو ناردرن بائی پاس سے مشرف کٹ جبکہ ٹی کراسنگ سے حب ریور روڈ کی جانب موڑ دیا جا رہا ہے تاکہ رش کو کم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات مزید جانچ کے بعد سامنے آئیں گی جبکہ سڑک کو جلد کلیئر کر کے ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔