ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے منگھو پیر کے ناردرن بائی پاس پر واقع ہمدرد یونیورسٹی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ڈمپر نے کار کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے نجی کار کو ٹکر مار دی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ مرنے والوں میں 22 سالہ فراز قلندرانی ولد سکندر قلندرانی، 60 سالہ سلمان اور 35 سالہ اسامہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق اسامہ، سلمان کا بیٹا تھا۔
حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مفرور ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری گاڑیوں کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔