ناردرن بائی پاس پر تیز رفتار ڈمپر کی پولیس موبائل کو ٹکر، قلابازیاں کھاتے ہوئے گڑھے میں جا گری – اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ

ناردرن بائی پاس پر تیز رفتار ڈمپر کی پولیس موبائل کو ٹکر، قلابازیاں کھاتے ہوئے گڑھے میں جا گری – اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ

کراچی:شہر قائد میں ناردرن بائی پاس کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے مددگار 15 پولیس موبائل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی گڑھے میں جا گری۔

 حادثہ انتہائی ہولناک تھا تاہم پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں مسعود چوک مویشی منڈی کے قریب پیش آیا، جہاں ڈمپر (رجسٹریشن نمبر: ٹی اے این 591) نے تیز رفتاری کے باعث پولیس موبائل کو زور دار ٹکر ماری۔حادثے کے فوری بعد پولیس موبائل 2 سے 3 مرتبہ قلابازیاں کھاتی ہوئی گہرے گڑھے میں جا گری، جس سے موبائل کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن محمد علی شاہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور نتیجتاً سڑک سے دور کھڑی پولیس موبائل کو ٹکر مار دی۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم ڈمپر کو قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔حادثے میں جہاں پولیس اہلکاروں کی جان بچنا کسی معجزے سے کم نہیں، وہیں واقعے نے ایک بار پھر شہر میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خطرناک نتائج کو اجاگر کر دیا ہے۔پولیس نے مزید کارروائی شروع کر دی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔