بھارت: پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، مہنگائی میں اضافہ

بھارت: پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، مہنگائی میں اضافہ

بھارت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران دوسری بار اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ بڑھ گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 90 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی اتنا ہی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پیٹرول کی نئی قیمت 98.64 روپے اور ڈیزل 91.58 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران سے متعلق کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور بعض رپورٹس کے مطابق 120 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔بھارت، جو دنیا کے بڑے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے، عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست محسوس کر رہا ہے، جس کے باعث ملکی معیشت اور عوام دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔

بھارتی سرکاری آئل کمپنیاں ملک بھر میں ایندھن کی قیمتوں کا تعین کرتی ہیں۔ یہ تازہ اضافہ گزشتہ جمعے کو کیے گئے 3 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد سامنے آیا ہے، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔بھارتی وزارتِ تیل کے حکام کے مطابق سرکاری آئل کمپنیاں ایندھن کی فروخت پر بھاری مالی نقصان برداشت کر رہی ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے تاحال کسی قسم کی مالی معاونت کا اعلان نہیں کیا گیا۔