چترال میں کیلاش قبیلے کا تین روزہ قدیم مذہبی اور ثقافتی تہوار "چلم جوشی" اپنی بھرپور رنگینی اور عقیدت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
یہ تہوار وادی کیلاش کی ثقافت، خوشی، ہم آہنگی اور فطرت سے محبت کی علامت بن چکا ہے، جو ہر سال ہزاروں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔سالانہ چلم جوشی فیسٹول 13 سے 17 مئی 2025 تک وادی کیلاش کی تینوں وادیوں رمبور، بمبوریت اور بریر میں منایا گیا۔ تہوار کا آغاز رمبور وادی میں روایتی رسم و رواج سے ہوا، جس کے بعد بمبوریت وادی میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں جاری رہیں، اور اختتامی تقریب بریر وادی میں رنگا رنگ انداز میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر تقریباً 170 سے زائد غیر ملکی سیاح وادی کیلاش کا دورہ کرنے پہنچے، جن میں فرانس، جرمنی، امریکہ، آسٹریلیا، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، روس، جاپان، چین، یونان، تائیوان، جنوبی کوریا، انگلینڈ، ہالینڈ، ملائشیا، انڈونیشیا اور رومانیہ کے سیاح شامل تھے۔
تہوار کی حفاظت کے لیے مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور نارتھ نے بھی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے، تاکہ تمام شرکاء اور سیاح محفوظ رہ سکیں۔سیاحوں نے وادی کیلاش کی قدرتی خوبصورتی اور چلم جوشی کے رنگارنگ تہوار کو اپنی زندگی کی خوشگوار یادوں میں شامل کیا، اور اس تہوار کو اپنی ثقافت اور فطرت کی محبت کا بہترین مظہر قرار دیا۔