چترال کی کیلاش وادی میں کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) اپنے تمام رنگوں اور جمالیاتی پہلوؤں کے ساتھ جاری ہے۔
یہ تہوار کیلاش کی تین وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں منایا جا رہا ہے، جسے دنیا بھر سے سیاح بڑی تعداد میں دیکھنے آ رہے ہیں۔ چاؤموس تہوار کو موسم سرما کے لیے خوشی اور امن کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور یہ کیلاش قبیلے کی تاریخ و ثقافت کو ظاہر کرتا ہے۔چاؤموس تہوار میں بون فائر کا تہوار بھی منایا گیا، جس میں بچے اور بچیاں چھوٹی چھوٹی پتیاں اٹھائے گانے گاتے ہوئے مختلف رسومات ادا کرتے ہیں۔ اس تہوار کا مقصد آپس میں محبت بانٹنا، امن کا پیغام دینا اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ اس دوران پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے جاتے ہیں۔
فیسٹیول میں مختلف اہم رسومات جیسے شیشائو، منڈاہیک اور شارا بیرایک بھی ادا کی جاتی ہیں۔ شارا بیرایک کی رسم میں گندم سے بکری، مارخور، دنبے اور مختلف جانوروں کے مجسمے تیار کیے گئے ہیں، جو اس تہوار کی خاصیت کو مزید بڑھاتے ہیں۔چترموس تہوار کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں، اور ٹورازم پولیس کے اہلکار سیاحوں کو مکمل سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ ڈی جی ٹورازم تاشفین حیدر نے کہا کہ ٹورازم پولیس لواری ٹنل اور کیلاش جانے والے راستوں پر ڈیوٹی دے رہے ہیں، تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ، سیاح کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ تہوار کیلاش قبیلے کی منفرد ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے اہمیت رکھتا ہے اور اس میں شرکت کرنے والے سیاحوں کو ایک نیا تجربہ فراہم کرتا ہے۔