کراچی میں طوفانی بارش ، 21 افراد جاں بحق

ہلاکتیں   آسمانی بجلی،چھتیں،دیواریں گرنے سے ہوئیں،200 سے زائد فیڈرز ٹرپ،سارا شہر تاریکی میں ڈوب گیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسی مقام پر ریسکیو ٹیمیں مزید افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک نے کہا کہ دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں ہے۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس نفری موقعے پر پہنچ گئی ہے، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق لانڈھی اور مجید کالونی میں دیوار گرنے سے خاتون اور مرد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ملیر ندی یارو گوٹھ کے قریب  آسمانی بجلی گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہوا جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن مرغی خانہ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک شخص جاں بحق ہوا۔حکام کے مطابق کورنگی ساڑھے 3 میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور کورنگی 5 نمبر میں درخت گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہوئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے دوران مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تیز ہوا اور بارش کے دوران مائی کولاچی میں بل بورڈ گرگیا جبکہ شارع فیصل پر مختلف جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔کراچی میں بارش کے بعد 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے ہیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔لیاقت ا?باد، لائنز ایریا، ماڑی پور روڈ، مچھر کالونی، گلشن معمار، نیو کراچی، سرجانی، قائدا?باد، لانڈھی، ملیر، کورنگی، گارڈن ایسٹ اندھیرے میں ڈوب گئے۔بارش کے بعد کیماڑی کے بیشتر علاقے، کلفٹن بلاک 5، اسکیم 33، ملیر کینٹ، گلستان جوہر بلاک 41 اے، ٹیپو سلطان اور کراچی ریونیو سوسائٹی میں بھی بجلی معطل ہے۔ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق تیز ہوا اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق شہری ٹی وی، انٹر نیٹ کیبلز اور ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں