لاہور میں گزشتہ رات سے بادل چھائے ہوئے ہیں اور ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں جیسے مزنگ، جین مندر، فیروز پور روڈ، جنازہ گاہ، مال روڈ اور ملتان روڈ میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے فضا میں خنکی محسوس ہوئی اور درجہ حرارت میں کمی آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر میں 20 سے 40 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں، اور بادلوں اور ہلکی بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ عیدالفطر کے دوران موسم خشک اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 15 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور ہوا میں نمی 68 سے 74 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی بہتری آئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 78 ریکارڈ ہوا، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 10ویں نمبر پر آ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش متوقع ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔