بیروت : اسرائیلی فوج کی بمباری، چھ افراد جاںبحق،24 زخمی

 ایک دوسرا حملہ بھی مرکزی بسطہ ضلع میں ہوا،  عینی شاہدین نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنیں
بیروت(آئی این پی )لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک اور مرکزی مضافاتی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چھ افرا دجاںبحق اور 24 دیگر زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق  ایک عینی شاہد نے  بتایا کہ انھوں نے شہر کے بشورہ علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں یہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کر کے وہاں ایک عمارت کو خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔اسرائیل لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے اہداف پر حملے کر رہا ہے، جہاں وزارتِ صحت کے مطابق کم از کم چھ افراد ہلاک اور 24 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور متاثرین کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹنگ کے بعد کی جائے گی۔مقامی میڈیا نے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ ایک حملہ مرکزی علاقے زقاق البلاط میں ایک رہائشی عمارت پر ہوا، جو سرکاری ہیڈکوارٹر اور متعدد سفارت خانوں کے قریب واقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک دوسرا حملہ بھی مرکزی بسطہ ضلع میں ہوا، جہاں عینی شاہدین نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنیں۔