لبنان میں گھر پر اسرائیلی حملہ،6 افراد جاںبحق،7 زخمی ہوگئے

بیروت،نیویارک،تل ابیب(آئی این پی )اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں ایک گھر پر حملہ کردیا جس میں 6افراد جاںبحق اور 7زخمی ہوگئے ۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے رات کو جنوبی لبنان کے شہر صور کے علاقے کفر دونین میں ایک گھر پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاںبحق اور سات زخمی ہو گئے جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے ۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لبنان پر 100 حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں کئی شہر ی جابحق اور متعدد خاندان بے گھر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور امدادی ادارے متاثرہ افراد تک مدد پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں سب سے اہم ضرورت تشدد کے خاتمے اور حقیقی جنگ بندی کی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی شہری آبادی کے لئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے جبکہ مسلسل حملوں کے باعث انسانی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ادھر  اسرائیلی میڈیا کے مطابق مسیحی علامت کی بے حرمتی کرنے والے فوجی اہلکاروں کو سزا سنادی گئی ہے ۔اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان میں مسیحی علامت کی بے حرمتی کرنے والے فوجی کو21 دن قید کی سزا دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعیکو فلمانے والے فوجی کو 14 دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔گزشتہ ہفتے فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی اہلکار نے بی بی مریم کے مجسمے کی بے حرمتی کی تھی، دوسرے اسرائیلی اہلکار نے واقعے کی ویڈیو بناکر وائرل کی جس سے عیسائیوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔