اسرائیل کی بیروت کے جنوبی مضافات پر بدترین بمباری: 78لبنانی شہید،122زخمی

 غزہ میں 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 24فلسطینی شہید ، 112زخمی ہو گئے،لبنان نے جنگ بندی کی امریکی تجویز ناقابل قبول قرار دیدی
 ایران جنگ بندی کے لیے لبنان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، جنگ بندی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی بنیاد ہونی چاہیے، علی لاریجانی کا دورہ لبنان
غزہ، بیروت(آئی این پی)اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ اور لبنان کے مختلف علاقوں میں بدترین بمباری جاری ہے، غزہ میں 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 24فلسطینی شہید اور 112زخمی ہو گئے جبکہ بیروت کے جنوبی مضافات میں گولہ باری سے مزید 78لبنانی شہید اور 122سے زائد زخمی ہوگئے۔غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 43 ہزار 736 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب لبنان نے جنگ بندی کی امریکی تجویز ناقابل قبول قرار دے دی، لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بیری کا کہنا ہے کہ لبنان میں اگرکسی فوج کی تعیناتی یا اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت کی تجویز آئی تو قابل قبول نہیں ہو گی۔امریکی سفیر نے لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بیری کو جنگ بندی کی تجویز کا مسودہ پیش کیا تھا۔ ادھر ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی ایلچی علی لاریجانی نے دورہ لبنان کیا۔لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقات کی اور کہا ایران جنگ بندی کے لیے لبنان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، جنگ بندی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد سترہ سو ایک کی بنیاد ہونی چاہیے۔