وزیراعلیٰ مریم نواز ٹرانسپوٹرز کے خلاف شکنجہ تیار
معاون خصوصی وزیراعلیٰ ذیشان ملک اور ڈی سی لاہور کا لاری اڈہ کا دورہ، ٹرانسپورٹرز کو سخت وارننگ،چاند رات اور عیدالفطر پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کے خلاف ٹرانسپوٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے، جبکہ زائد کرایہ وصولی اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لیے فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے تمام بس اسٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔مزید برآں روزہ دار مسافروں کے لیے افطار کا اہتمام کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ سفر کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ عید کے موقع پر گھروں کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چاند رات کے موقع پر اہم مقامات پر لیڈی پولیس سمیت 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں 5 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔عیدالفطر کے اجتماعات کے لیے صوبہ بھر میں 29 ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی جائے گی، جہاں سکیورٹی کے لیے 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں عید کے روز 10 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ ذیشان ملک اور ڈی سی لاہور کا لاری اڈہ کا دورہ، زائد کرایہ وصولی کی 2شکایات کا موقع پر ازالہ،شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن، زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کو سخت وارننگ دی ایس ایس پی آپریشنز اور سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی پنجاب اور ڈی سی لاہور نے ٹرانسپورٹ کرایوں کا جائزہ لیا۔جنرل بس اسٹینڈ لاری اڈہ پر زائد کرایہ وصولی کی 2شکایات کا موقع پر ازالہ کیاگیا۔شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن، زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کو سخت وارننگ دی۔