لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق زائد کرایہ وصول کرنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نو لاکھ روپے سے زائد رقم مسافروں کو واپس کر دی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کی ہدایات پر 15 مارچ سے زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، جس کے دوران بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔مہم کے دوران اوورلوڈنگ پر 908 گاڑیوں جبکہ اوورچارجنگ پر 382 مسافر بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسی طرح 767 پبلک سروس وہیکلز کو روٹ پرمٹ نہ ہونے اور 401 گاڑیوں کو زائد المعیاد روٹ پرمٹ ہونے پر چالان کیا گیا594 پبلک سروس وہیکلز کو فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر جبکہ 351 گاڑیوں کو زائد المعیاد فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنے پر بھی چالان کیا گیاانہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات ہیلپ لائن 130 یا سوشل میڈیا ہینڈل @NHMP پر درج کروا سکتے ہیں۔مزید برآں، کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر اب تک 20 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ موٹروے پولیس کے افسران ملک بھر کے ٹول پلازوں پر شہریوں کو نئی حدِ رفتار سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔